سی پیک کو زرعی شعبے روزگار کی فراہمی کیلئے استعمال کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے پاک ۔ چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کا مرکز شاہراہوں کی تعمیر سے تبدیل کرتے ہوئے اسے زراعت، روزگار کے مواقع اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی جانب موڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مذکورہ فیصلہ عمران خان کی سربراہی میں وزیر اعظم ہاؤس میں منعقد ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس کے بارے میں ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعت و نشریات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اس سے قبل سی پیک کے تحت صرف شاہراہوں کی تعمیر کا منصوبہ تھا لیکن اب وزیراعظم نے فیصلہ کیا ہے کہ اسے زرعی شعبے کی ترقی، روزگار کے مواقعوں اور دیگر ممالک مثلاً سعودی عرب کے لیے سرمایہ کاری کو پرکشش بنانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
اجلاس میں وزیر اعظم کےدورہ چین کے بارے میں بھی گفتگو کی گئی، واضح رہے کہ عمران خان نومبر کے پہلے ہفتے میں چین کا دورہ کریں گے جس کی تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے تاہم ابھی حتمی تاریخ کا اعلان ہونا باقی ہے۔
سی پیک کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ چینی تجربے بطور خاص سماجی اور زرعی شعبے میں سیکھنے کا اچھا موقع ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے جسے چینی تجربات کی روشنی میں نئی ٹیکنالوجیز اور بہترین طریقوں سے استفادہ کرتے ہوئے بہتر بنایا جاسکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں