فیصل آباد میں کم آمدنی والے افراد کیلئے خوشخبری

فیصل آباد ۔ محکمہ ہائوسنگ پنجاب کی طرف سے فیصل آباد میں کم آمدنی والے افراد کیلئے تین ہائوسنگ سکیمز تجویز کی گئی ہیں جن کیلئے جگہ کا انتخاب کیا جارہا ہے ۔ یہ بات ڈسٹرکٹ ہائوسنگ کمیٹی کے اجلاس میں بتائی گئی جو ڈپٹی کمشنر سیّد احمد فواد کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ( ہیڈ کوارٹرز ) قیصر عباس رند کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ہائوسنگ محمد سعید نے ’’لو انکم ہائوسنگ سکیمز‘‘ کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ان میں سے دو ہائوسنگ سکیمز فیصل آباد ایک سمندری میں تجویز کی گئی ہے ۔ صدر اجلاس نے کہا کہ حکومت کی ہدایت اور گائیڈ لائنز کے مطابق ہائوسنگ سکیمز کے لئے جگہ کا انتخاب کرکے محکمانہ کارروائی کو آگے بڑھایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کم آمدنی والے افراد کو رہائشی سہولیات کی فراہمی کے لئے ہائوسنگ سکیمز کے ان منصوبوں کو مطلوبہ معیار اور تقاضوں کے مطابق ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہائوسنگ سکیمز کے لئے اراضی کا انتخاب انتہائی سوچ بچار اور مستقبل کی منصوبہ بندی کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے کریں تاکہ ٹائون پلاننگ کے تقاضوں کے مطابق تمام بنیادی سہولتیں فراہم کرنے میں کوئی دقت نہ آئے ۔ انہوں نے محکمہ ہائوسنگ کے افسران سے کہا کہ وہ اپنے زیر انتظام کالونیوں میں تجاوزات کا خاتمہ کریں اور دستیاب املاک کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں