عمران طاہر نے زمبابوے کے خلاف ہیٹ ٹرک اسکور، نیا عالمی ریکارڈ قائم

اسلام آباد:جنوبی افریقی اسپنر عمران طاہر نے زمبابوے کے خلاف ہیٹ ٹرک اسکور کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا اور یہ کارنامہ انجام دینے والے سب سے زائد العمر کھلاڑی بن گئے۔گزشتہ روز زمبابوے کے خلاف سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں عمران طاہر کی تباہ کن باؤلنگ کے سبب 198رنز کے معمولی ہدف کا تعاقب کرنے والی زمبابوین ٹیم صرف78رنز پر ڈھیر ہو گئی۔پاکستانی نژاد جنوبی افریقی اسپنر نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے صرف 24رنز کے عوض چھ وکٹیں حاصل کیں اور اس اننگز کے دوران ہیٹ ٹرک کا کارنامہ بھی انجام دیا۔لیگ اسپنر نے شان ولیمز، پیٹر مور اور برینڈن مووٹا کو لگاتار تین گیندوں پر آؤٹ کر کے ون ڈے کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا اور یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے سب سے زائد العمر کرکٹر بن گئے۔عمران طاہر نے 39سال 190دن کی عمر میں یہ کارنامہ انجام دے کر عالمی ریکارڈ بنایا جہاں ان سے قبل یہ ریکارڈ رنگنا ہیراتھ کے پاس تھا جنہوں نے 2016 میں 38سال اور 138دن کی عمر میں ہیٹ ٹرک کر کے یہ ریکارڈ بنایا تھا۔عمران طاہر جنوبی افریقہ کی جانب سے ہیٹ ٹرک کرنے والے چوتھے کرکٹر ہیں اور ان سے قبل چارل لینگویلڈ، جین پال ڈومینی اور کگیسو ربادا یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں