شاداب خان نےمنفرد کارنامہ سر انجام دے دیا

شاداب خان نےمنفرد کارنامہ سر انجام دے دیا
دبئی: قومی ٹیم کے نوجوان لیگ سپنر شاداب خان نے ون ڈ ے کرکٹ کا منفرد ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے ۔ 19سالہ شاداب خان نے ایشیاءکپ 2018ءمیں بھار ت کے خلاف گروپ اے کے میچ میں اپنے سپیل کی پہلی گیند پر بھارتی کپتان روہت شرما کو شاندار گگلی ک ذریعے بولڈ کیا ۔یہ شاداب خان کے اپریل2017ءسے شروع ہونے والے ون ڈ ے کیریئر میں تیسرا موقع تھا جب انہوں نے اپنے باﺅلنگ سپیل کی پہلی ہی گیند پر وکٹ حاصل کی ،اس عرصے کے دوران کسی اور باﺅلر نے اتنی مرتبہ یہ کارنامہ سر انجام نہیں دیا ۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ کے اہم میچ میں بھارت نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی۔ دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی پوری ٹیم 162 رنز پر آﺅٹ ہو گئی تھی۔ پاکستان کی جانب سے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں بھارتی اوپنرز نے ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا اور 86 کے مجموعی سکور پر روہت شرما 52 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ بھارت کو دوسرا نقصان 104 رنز پر ہوا جب شیکر دھون 46 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے۔
دو وکٹیں گرنے کے بعد دنیش کارتک اور امباتی رائیڈو محتاط انداز سے کھیلتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح کی جانب لے گئے اور 162 رنز کا ہدف 29 اوور میں پورا کر لیا۔ دنیش کارتک اور امباتی رائیڈو نے 31، 31 رنز اسکور کئے اور ناقابل شکست رہے۔قبل ازیں پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو سود مند ثابت نہ ہوا۔ پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز ہانگ کانگ کےخلاف ففٹی سکور کرنےوالے امام الحق اور فخر زمان نے کیا لیکن تیسرے ہی اوور میں امام الحق دو رنز بنا کر بھونیشور کمار کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آﺅٹ ہو گئے۔
بھونیشور کمار نے پانچویں اوور میں پاکستان کے دوسرے اوپنر فخر زمان کو بھی کیچ آﺅٹ کرا دیا، فخر زمان 9 گیندوں کا سامنا کرنے کے باوجود اپنا کھاتا بھی نہ کھول سکے۔ دونوں اوپنرز کے جلد آﺅٹ ہونے کے بعد بابر اعظم اور شعیب ملک نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو سنبھالا اور پاکستان کا سکور 85 رنز تک پہنچایا۔47کے انفرادی سکور پر بابر اعظم کلدیپ یادیو کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔بابراعظم کے آﺅٹ ہونے کے بعد کپتان سرفراز احمد وکٹ پر آئے تاہم جلد بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے وہ چھکا لگانے کی کوشش میں باﺅنڈری پر کیچ آﺅٹ ہو گئے۔ متبادل فیلڈر منیش پانڈے نے ان کا شاندار کیچ پکڑا اور 6 رنز پر ان کی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔سو کے مجموعی سکور پر شعیب ملک بھی 43 رنز بنا کر رن آﺅٹ ہو گئے جب کہ آصف علی بھی 9 رنز بنا کر کیدار جادھو کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آﺅٹ ہو گئے۔
شاداب خان بھی 121 کے مجموعی سکور پر کیدار جادھو کی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش میں سٹمپڈ آﺅٹ ہوئے، انہوں نے 8 رنز کی اننگز کھیلی۔ فہیم اشرف 22 رنز بنانے کے بعد 157 کے مجموعی سکور پر جسپریت بھمراہ کی گیند پر شیکر دھون کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے۔۔پاکستان کی نویں وکٹ حسن علی کی صورت میں گری جب وہ ایک رن بنا کر کیچ آﺅٹ ہوئے۔ آخری آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی عثمان شنواری تھے جو بغیر کوئی رن بنائے آﺅٹ ہوئے۔۔بھارت کی جانب سے بھونیشوار کمار اور کیدار جادھو نے 3، 3، جسپریت بھمراہ نے دو اور کلدیپ یادیو نے ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں