پیرول پر رہائی کا قانون کیا ہے؟ اور پیرول پر رہائی کن وجوہات اور شرائط کی بنیاد پر ملتی ہے

اسلام آباد: بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اڈیالہ جیل میں قید نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو پیرول پر رہائی دی گئی جس کے بعد انہیں اڈیالہ جیل سے خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور لایا گیا اور جاتی امرا منتقل کر دیا گیا۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ پیرول پر رہائی کا قانون کیا ہے؟ اور پیرول پر رہائی کن وجوہات اور شرائط کی بنیاد پر ملتی ہے اوراس کی زیادہ سے زیادہ مدت کتنی ہوتی ہے؟ عام طور پر پیرول پر رہائی کسی قریبی رشتہ دار کی وفات پر ہوتی ہے، کسی مجرم نے پہلی مرتبہ جُرم کا ارتکاب کیا ہوا یا ہھر جیل میں رویہ اچھا ہو تو اسے پیرول پر رہائی مل جاتی ہے لیکن عادی مجرم کو پیرول پر رہائی نہیں دی جاتی۔
پیرول پر رہائی کے لیے مجرم کی جانب سے درخواست دی جاتی ہے۔ صوبائی محکمہ داخلہ ، پولیس اور جیل حکام پر مشتمل کمیٹی درخواست کا جائزہ لے کر کیس صوبائی سیکرٹری داخلہ کو ارسال کرتی ہے، ہوم سیکرٹری درخواست کا جائزہ لے کر مجرم کو نماز جنازہ اور تدفین میں شرکت کے لیے صرف 12 گھنٹے کی اجازت دیتا ہے جبکہ حالات کے پیش نظر مدت میں اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے۔ خیال رہے کہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر وفاقی حکومت نے شریف خاندان کے قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ہر ممکنہ مدد کا اعلان کیا تھا ۔ بیگم کلثوم نواز کے انتقال کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو ابتدائی طور پر 12 گھنٹے کی پیرول دی گئی جس میں اب اتوار رات 12 بجے تک کی توسیع کر دی گئی ہے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر اور نواز شریف کے چھوٹے بھائی شہباز شریف اپنی بھابھی بیگم کلثوم نواز کا جسد خاکی پاکستان لانے کے لیے لندن میں موجود ہیں۔
شہباز شریف قومی ائیر لائن پی آئی اے کی پرواز پی کے758 کے ذریعے بیگم کلثوم نواز کا جسد خاکی پاکستان لائیں گے۔ پی آئی اے کی پرواز پی کے 758 لندن کے مقامی وقت کے مطابق جمعرات کی شام سوا 6 بجے اُڑان بھرے گی جبکہ جمعہ کی صبح 5 بجکر 55 منٹ پر پاکستان میں لینڈ کرے گی۔ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کے مطابق بیگم کلثوم نوازکی نمازجنازہ جمعہ کی شام 5 بجےشریف میڈیکل سٹی میں اداکی جائے گی جس کے بعد بیگم کلثوم نواز کے ان کے سسر میاں شریف کے پہلو میں سپرد خاک کیا جائے گا ۔ بیگم کلثوم نواز کی رسم قل 16ستمبر بروز اتوارعصرتا مغرب جاتی امرامیں ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں