صرف آٹھ کروڑ درہم میں جزیرے کی ملکیت حاصل کریں

دبئی (نیوزڈیسک)دُبئی کے ساحلِ سمندر پر نجی جزیروں کا ایک پُورا گروہ موجود ہے‘ جنہیں ورلڈ آئی لینڈز کا نام دیا جاتا ہے۔ اس مقام کو یہ نام اس لیے دیا گیا کیونکہ آسمان سے دیکھنے پر یہ جزیرے دُنیا کا ایک نقشہ معلوم ہوتے ہیں۔ جزیروں کے اس گروپ میں ایک جزیرہ ’لبنان‘ کے نام سے موجود ہے‘ جو ابھی زیر تعمیر ہے اور واحد جزیرہ ہے جس پر فی الحال لوگ وِزٹ کر سکتے ہیں۔
اگر آپ یہ جزیرہ خریدنا چاہیں تو آپ کے بٹوے میں اچھی خاصی رقم موجود ہونی چاہیے۔ 419,000 مربع فٹ پر محیط یہ پرائیویٹ جزیرہ اس وقت ریئل اسٹیٹ فرم آلسوپ ایند آلسوپ کی جانب سے فروخت کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔ اگر آپ دُبئی میں کسی انتہائی پُرتعیش اور شاندار جائیداد کی تلاش میں ہیں تو یقین مانیے یہی مقام آپ کے خواب کی تعبیر ثابت ہو گا۔ تاہم 8 کروڑ اماراتی درہم پر فروخت کے لیے پیش کی جانے والی اس شاندار پراپرٹی کی قیمت کے حوالے سے بھاؤ تاؤ کیا جا سکتا ہے۔ سودا ہونے کے بعد آپ کو ’لبنان‘ نامی اس جزیرے کی چابیاں تھما دی جائیں گی۔
آلسوپ اینڈ آلسوپ کی ویب سائٹ کے مطابق جزیرہ ’لبنان‘ باقی جزیروں میں سب سے پہلے تعمیر کیا جائے گا اور پھر یہاں رہائش اختیار کی جا سکے گی۔ اس جزیرے میں 80 نشستوں کی گنجائش والا ریسٹورنٹ موجود ہے‘ اس کے علاوہ تقریبات کے انعقاد کے لیے مختص ایریا‘ وی آئی پی کیبنز‘ دو ساحل‘ متعدد چھوٹے وِلاز بھی شامل ہیں۔ سب سے بڑھ کر یہ کہ 250 افراد کو بیک وقت نہانے کی تفریح فراہم کرنے والا سوئمنگ پول بھی موجود ہے۔ ہاں‘ اور ایک شاندار بات توبتانے سے رہ گئی‘ وہ یہ کہ یہاں سے ہم دُبئی کے دائرہ اُفق کا حیرت انگیز نظارہ بھی کر سکتے ہیں۔ اپنی کشتی پارک کرنے کے لیے جیٹی کی بھی سہولت ہے۔ اس وقت اس جزیرے کو ایک بِیچ کلب اور مختلف تقریبات کے انعقاد کے لیے استعمال میں لایا جا رہا ہے۔ تو پھر انتظار کس بات کا ہے۔ صرف آٹھ کروڑ درہم خرچ کر ڈالیں اور اس خوبصورت جزیرے کے مالک بن جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں